ٹی وی کی اہمیت
- Parent Category: IIS Education
- Hits: 1701
- Print , Email
کتاب: اٹھو کہ وقت قیام آیا
مصنف: جناب ادریس آزاد
ٹی وی کی اہمیت
جنابِ صدرِ عالیجا! اور میرے ہم مکتب ساتھیو!
ٹی وی کی اہمیت پر بات ہورہی ہے اور یہ پہلا نکتہ جو سب دوستوں نے اُٹھایا یقیناً طے شدہ ہے کہ ٹیلیویژن کے بغیرہم باقی دُنیا سے بے خبر رہیں گے، دُنیا میں ہونے والی ترقی، ایجادات اور نئی نئی مشینری سے لاعلم رہیں گے۔ اگر ہم اس قدر بے خبر ہوگئے تو باخبر قومیں ہمیں اپنے پیروں تلے روند کر چلی جائیں گی۔ آج میڈیا کا دور ہے ، ہر گھر کے دروازے پر کیمرہ پہنچ گیا، ہر دم تازہ معلومات چل رہی ہیں، دُنیا بڑی تیزی سے بدل رہی ہے، کچھ بھی پہلے جیسا نہیں رہا اور نہ رہ سکتا ہے۔ ارتقاء کو کوئی نہیں روک سکتا۔
؎یہ کائنات ابھی ناتمام ہے شاید
کہ آرہی ہے دمادم صدائے کُن فیکون
جنابِ والا!
ٹیلیوژن سب سے زیادہ ضرورت ہے ، دورِ حاضر کے سائنس کے طالب علم کی۔کیونکہ پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک میں طلبہ کو سائنسی تجربات کے مواقع بہت کم ملتے ہیںچنانچہ نیشنل جیوگرافگ یا ڈسکوری جیسے چینل اُسے سارے تجربات کرکے خود دِکھا دیتے ہیں۔ اُسے وہاں نظریہ ارتقاء پر مناظرے بھی سننے کو ملیں گے اور بے مثال دستاویزی پروگرام بھی دیکھنے کو ملیں گے۔
ٹی وی نہ ہو تو
علم و ہنر کی
تازہ بہ تازہ
انمول باتیں
کیسے سُنیں گے؟
ٹی وی نہ ہو تو
چوروں کے چہرے
دیکھیں گے کیسے؟
کس نے اُڑایا
کتنا خزانہ؟
کس نےبُلایا
غیروں کو گھر میں
ساری حقیقت
کیسے کھلے گی؟
جنابِ صدر!
ٹی وی بہت اہم ہے، اور اب تو ناگزیر ہے۔ کھیلوں، ڈراموں، فلموں یا ایسے تماشوں کو اہمیت کی چیز نہ بھی سمجھیں تو بھی ٹی وی کی اہمیت کم نہیں ہو جاتی۔
جنابِ صدر معاف کیجیے گا! آئی ایم سوری !
اب میں جھوٹ بولتے بولتے تھک گیا ہوں۔ بس اب اور نہیں بول سکتا۔ حضور ٹی وی ہمارے معاشرے میں خرابتوں کی جڑ ہے۔خاص طور پر پاکستان میں۔ میڈیا نے دہشت اور تشدد کو پروموٹ کیا ہے اور ہمارا معاشرہ جو کبھی بڑا تہذیب یافتہ تھا ، نہایت جاہل اور گنوار ہو گیا ہے۔ کیا سیالکوٹ میں عوام اِس طرح دو معصوم بچوں کو قتل کرتے اگر ٹی وی نے اُس سے پہلے گجرانوالہ میں پولیس کے ہاتھوں قتل ہونے والے ڈاکؤں کی لاشوں کی بے حرمتی کونشر نہ کیا ہوتا؟
آئی ایم سوری! میں اجازت چاہتاہوں۔
٭٭٭٭٭٭٭