Menu

A+ A A-

بلال

بلال


لکھا ہے ايک مغربی حق شناس نے
اہل قلم ميں جس کا بہت احترام تھا
جَولاں گہِ سکندرِ رومی تھا  ايشيا
گَردوں سے بھی بلند تر اس کا مقام تھا
تاريخ کہہ رہی ہے کہ رومی کے سامنے
دعویٰ  کيا جو پورس  و  دارا  نے، خام تھا
دنيا کے اس شہنشہِ  انجم  سِپاہ کو
حيرت سے ديکھتا فلکِ  نيل فام تھا

آج ايشيا ميں اس کو کوئی جانتا نہيں
تاريخ دان بھی اسے پہچانتا نہيں

ليکن بلال،  وہ حبشی زادۂِ  حقير
فطرت تھی جس کی نورِ نبوت سے مُستَنيِر
جس کا اميں ازل سے ہوا  سينۂ  بلال
مَحکُوم اس صدا کے ہيں  شاہنشہ  و  فقير
ہوتا ہے جس سے اسود و احمر ميں اختلاط
کرتی ہے جو غريب کو ہم پہلوئے امير
ہے تازہ آج  تک وہ نوائے جگر گُداز
صديوں سے سن رہا ہے جسے گوش ِچرخ ِ پير

 

اقبال! کس کے عشق کا يہ فيض ِعام ہے
رومی فنا ہوا ، حبشی کو دوام ہے

 

 


 

بلال: حضرت بلال، حضور اکرمؐ کے ایک خاص صحابی اور مؤذن جو حبشی تھے

سکندر رومی: مشہور یونانی بادشاہ سکندر ِاعظم (355ق م – 323 ق م)

 

حق شناس: یعنی حقیقت بیان کرنے/ سچی بات کہنے والا۔ اشارہ ہے ایمینول آسکر مینم ڈوئچ کی طرف، یہودی نسل کا جرمن فاضل ( 1829ء   ۔ 1873ء)

 

 جولاں گاہ: دوڑنے کی جگہ، میدان  ۔  ایشیا: بر اعظم ایشیا ۔  بلند تر: زیادہ اُنچا  ۔  دعویٰ کرنا: اپنے آپ کو طاقت ور ظاہر کرنا  ۔  پورس: ہندوستان کا مشہور بادشاہ جسے سکندر ِاعظم نے وادیِ سندھ میں شکست دی  ۔  دارا: قدیم ایران کا مشہور بادشاہ   دارا یوش/ دارا سوم، سکندر کے ساتھ لڑائی میں مارا گیا اور سکندر اس کے ملک فارس پر قابض ہو گیا ۔  خام: کچا، بے حقیقت ۔  شہنشہ انجم سپاہ: ایسا شاہنشاہ جس کی فوج ستاروں کی طرح لا تعداد ہو۔  فلک: آسمان ۔  نیل فام: نیلے رنگ کا ۔  حبشی زادہ: حبشی نسل کا، سیاہ فام نسل ۔ نور نبوّت: حضور اکرمؐ کی روشنی / اسلام کی محبت، اذان ۔  مُستنیر: روشن  ۔  سینہ: مراد دل  ۔  اس صدا: یعنی آذان ۔  شاہنشاہ و فقیر: مراد بلند مرتبہ اور حقیر سبھی لوگ  ۔  اسود: سیاہ، کالا  ۔  احمر: سرخ  ۔  اختلاط: ملاپ، مراد نماز میں کھڑے ہوتے وقت کسی رنگ، نسل یا مرتبے کا فرق نہیں رہتا ۔  ہم پہلو: یعنی کندھے کے ساتھ کندھا ملانے والا ۔   نواۓ جگر گداز: دل کو جذبہ عشق کی گرمی سے پگھلانے والی آواز ۔  گوش: کان ۔  چرخ پیر: بوڑھا آسمان ۔  فیض عام: سب کو فائدہ پہچانے کی کیفیت ۔  رومی: یعنی سکندر اعظم 

Dervish Designs Online

IQBAL DEMYSTIFIED - Andriod and iOS