اخبار بینی کے فوائد
- Parent Category: IIS Education
- Hits: 7395
کتاب: اٹھو کہ وقت قیام آیا
مصنف: جناب ادریس آزاد
اخبار بینی کے فوائد
جنابِ صدر ،گرامی قدر ، اور میرے عزیز ساتھیو!…
ذرا سوچیے تو! جس ملک کے سب سے بڑے اخبار کا نام ہی " جنگ" ہو، وہاں اَمن کا سوال کیسے پیدا ہوسکتا ہے؟ مگر میری مجبوری ہے کہ میں اخبار بینی کے ممکنہ فوائد کا جائزہ پیش کروں۔ چنانچہ مجھے لا محالہ "جنگ " کا بھی فائدہ ہی بیان کرنا ہوگا۔
بہرحال !… اِس موضوع میں میرے پیشِ نظر ہیں وہ فوائد جو عام طور پر لوگوں کو نظر نہیں آتے۔ میں اندازہ لگا سکتا ہوں کہ اخبار پڑھنے کے عام طور پر کیا فوائد ہوسکتے ہیں، مگر اِس میں میرا منظر نامہ قدرے مختلف سا ہے۔
عزیزانِ من!…
ایک مرتبہ کسی نے مجھ سے ایک پہیلی پوچھی تھی:۔
’’ بتاؤ ! وہ کون سی چیز ہے جو حرام بھی اور پھر بھی اْس کا پینا ثواب ہے؟‘‘
میں ششدر رہ گیا اور جواب نہ دے سکا۔ پھر مجھے جواب ملا:۔
’’ غْصہ‘‘
بعینہٖ اِسی طرح اخبار ایک نشہ ہوتے ہوئے بھی فائدہ مند ہوسکتا ہے ، حالانکہ حدیث پاک کی رُو سے ہر طرح کا نشہ حرام ہے۔ کُلُّ مُسکِرِ حرام۔
اِس میں کچھ شک نہیں کہ اخبار بینی ایک نشہ ہے۔ جو لوگ اِس نشہ کا شکار ہیں اُنہیں اس وقت تک کھانا ہضم نہیں ہوتا جب تک اخبار کی ایک ایک خبر پڑھ نہ لیں۔ایسے لوگ آپ کو دوسروں کی دْکانوں اور دفتروں ، حماموں اور ہوٹلوں کے علاوہ سٹیشن کے ویٹنگ رومز میں نظر آئیں گے۔ یہ اخباروں کی دُنیا کے ہیروئنی ہوتے ہیں۔
محترم صدر گرامی!…
سنا ہے کہ اخبار میں خبریں ہوتی ہیں اور لوگ ملک کے تازہ ترین حالات سے آگاہ ہوتے رہتے ہیں۔ یہ بھی سُنا ہے کہ اخبار میں نوکریوں کے لیے اشتہارات دیے گئے ہوتے ہیں جہاں سے جاب تلاش کرنے کے کام کا باقاعدہ آغاز کیا جا سکتا ہے۔ یہ بھی سننے میںآیا ہے کہ بعض دانشور اخباروں میں کالم لکھتے ہیں ، جنہیں پڑھ کر بندہ پہلے سے بھی زیادہ ذہین ہوجاتا ہے۔ مگر مجھے کچھ فوائد باقی لوگوں سے ذرا ہٹ کر بھی نظر آئے ہیںاور وہ یہ ہیں:۔
میرے معزز ساتھیو!…
صف ِ ماتم پر کئی کئی گھنٹے بور بیٹھنے سے بہتر ہے اخبار بینی کی جائے کیونکہ صف ِ ماتم پر آپ سارا د ن صرف فاتح خوانی کرتے ہیں اور ایسی رسمی تقریب میں شدت کی بوریت طاری ہوجاتی ہے۔ چنانچہ بہتر ہے کہ آپ اخبار پڑھیں اور پھر اخبار پڑھیں،جب ایک بار شروع سے آخر تک پڑھ چکیں تو پھر شروع سے دوبارہ پڑھنا شروع کردیں۔
اسی طرح اخبار بینی کا ایک فائدہ یہ بھی ہے کہ آپ اپنی گاڑی کا شیشہ اخبار کو گیلا کرکے صاف کر سکتے ہیں۔ بعض اوقات اُس شخص سے چھپنے کے لیے ،جس کے آپ مقروض ہیں، اخبار بڑے کام کی چیزثابت ہوتا ہے۔ آپ سامنے بھی بیٹھے ہونگے تو قرض خواہ آپ کو پہچان نہیں سکے گا، کیونکہ آپ اخبار کی مدد سے اپنا چہرہ چھپا سکتے ہیں۔ میرے ذہن میں اور بھی بہت سے ذاتی فوائد آرہے ہیں لیکن میرے پاس وقت کی بہت کمی ہے۔
حضورِوالا!…
کہتے ہیں اخبار کا لفظ خبر کا مجموعہ ہے، گویا ہمیں اخبار سے معلوماتی فوائد مل سکتے ہیں۔ اِس میں کچھ شک نہیں۔ میں نے خود کئی مرتبہ اخبار کا یہ فائدہ دیکھا ہے۔ مثلاً ہمارے ملک کے وزیرِاعظم کے پاس کون سی گاڑی ہے اور وہ کتنے کی ہے۔ اسی طرح پریذیڈینٹ ہاؤس کے کچن کا روزانہ کتنا خرچہ ہے۔
بلا شبہ ہمیں اخبار سے یہ بھی معلومات ملتی ہیں کہ کون سا سیاست دان نقلی سند لے کر وزیر بنا اور کس نے قومی خزانے کے کتنے پیسے ہضم کیے اور ڈکار بھی نہ لی۔ اِس کے علاوہ یہ بھی کہ لاہور اور فیصل آباد کے تھیٹروں میں کون کون سے فحش ڈرامے چل رہے ہیں اور یہ بھی کہ فلاں اداکارہ نے فلاں ڈائریکٹرکو اپنا محبوب تسلیم کر لیا ہے۔
مزید بڑے لوگوں کے بیانات اور پیر پگاڑا کے بندر وں ، جتوئی کی فصلوں، گنے کی قیمتوں ، بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف عوام کا بے اثر احتجاج وغیرہ جیسی بہت سی معلومات ہمیں اخبار ہی سے ملتی ہیں۔
عزیزانِ من!…
؎سو جاتا ہے فْٹ پاتھ پہ اخبار بِچھا کر
مزدور کبھی نیند کی گولی نہیں لیتا
ذرا اندازہ کریں۔ اخبار کتنے کام کی چیز ہے۔ مزدور کو فٹ پاتھ پر بستر کے طور پر کام دیتاہےاور شاید نیند کی گولی کے متبادل کے طور پر بھی۔اسی طرح اخباربینی کے معاشرتی فوائد کا تو کوئی شمار ہی نہیں۔ سب سے پہلے اُن فلاحی کاموں کو لیجیے جن کے بارے میں قدیم کہاوت ہے کہ:۔
’’ نیکی کر اخبار میں نکال‘‘
ہم چاہیں تو سیلاب زدگان کو ایک دیگ پلاؤ کی کھلا کر اور اخباری نمائندوں کو بلا کر خود بھی ، یہ معاشرتی فائدہ حاصل کرسکتے ہیں۔ البتہ جہاں تک معاشرتی خبروں کی بات ہے تو میں یقین سے نہیں کہہ سکتا کہ اخبار کی خبریں حقیقت پر مبنی ہوتی ہیں۔ کیونکہ کہتے ہیں زرد صحافت کی وجہ سے اخبار کا یہ شعبہ یعنی سچی خبر لگانے والا شعبہ عرصہ ء دراز سے سکون کی گہری نیند سورہاہے۔
تقریر میں انشاء پردازی کا جذبہ اپنی جگہ لیکن میں اپنا فرض سمجھتاہوں کہ اخباری بینی کے کچھ ایسے فوائد کا بھی ذکر کروں جن سے فی الحقیقت میرے سامعین!کے دل میں اخبار پڑھنے کا سچا جذبہ پیدا ہوجائے۔
صبح کا اخبار اِس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ وہ آپ کو آج کی تاریخ ، دن، سال، عربی ، انگریزی اور بکرمی مہینہ بھی بتاتا ہے۔ اس کے علاوہ آج ٹی وی پر کون کون سے پروگرام نشر ہونگے ، اُن کی تفصیل اور سب سے اہم چیز وہ دلچسپ اداریہ جو اخبارات کے ایڈیٹرز کی ماہرانہ تحریرکا شاہکار ہوتا ہے وہ بھی آپ کو صبح سویرے ہی پڑھنے کو مل جاتا ہے۔ جس میں ہمیں اپنی قوم کا روزبروز گرتا ہوا مورال صاف دکھائی دیتا ہے اور دن بھر پاکستان کے مستقبل کی فکر لگی رہتی ہے۔ وقت نہیں ورنہ اور فوائد بھی گنواتا۔
صدرِ عالی جاہ!…
مذکورہ بالا دلائل سے ثابت ہوا کہ اخبار بینی کے بڑے فوائد ہیں۔ مختصر الفاظ میں بیان کیا جائے تو یوں کہا جائے گا کہ اخبار بینی سے آپ میں باریک بینی، پیش بینی کے علاوہ خوردبینی خصوصیات بھی پیدا ہوجاتی ہیں۔ الغرض اخبار اکیلے پن کا وہ ساتھی ہے جو آپ کو خوشیاں دینے کی بجائے اور زیادہ مغموم کرکے اِس فانی دُنیا سے بے رغبت کر دیتا ہے، جو کہ آپ کی روحانی زندگی کے لیے بڑا مفید عنصر ہے۔
٭٭٭٭٭٭